سوال: کیا ایک روبوٹ (مصنوعی ذہانت) نمازِ جماعت کی امامت کروا سکتا ہے؟ یا دیگر شرعی کام جیسے نکاح و طلاق کے صیغہ جاری کرسکتا ہے؟ یا اگر مجتہد روبوٹ بن جائے تو کیا اس کی تقلید کی جاسکتی ہے؟ و کیا اس سے بطور قاضی فیصلہ Judgment کرواسکتے ہیں؟
باسمه تعالیٰ،
📄 مصنوعی ذہانت روبوٹ کے بےشمار فوائد ہیں جیسے کہ یہ معلومات کو تیزی سے جمع، تجزیہ اور پیش کرتے ہیں، دشوار و خطرناک کام انجام دیتے ہیں، اور انسان کے وقت، محنت اور وسائل کی بچت کرتے ہیں۔ نیز یہ تعلیم، رہنمائی، حساب کتاب اور روزمرہ کی سہولیات میں معاون آلے کے طور پر انسان کی کارکردگی اور آسانی میں اضافہ کرتے ہیں اور یہ عسکری، علمی اور ثقافتی میدانوں میں بھی انتہائی مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔
📄 لیکن وہ حقیقی شعور، فؤاد اور انسانی تجربے سے محروم ہیں، پس نہ عقائد کا بنیادی ماخذ بن سکتے ہیں، نہ مرجع تقلید، اور نہ ہی انسان کی طرف سے عبادات یا فقہی معاملات کے متبادل کے طور پر کام کر سکتے ہیں۔ وہ محض انسانی عقل کے لیے ایک محرک یعنی مُعَقِّل ہیں، خود عاقل نہیں۔ نہ ان میں عدالت، اجتہاد، بلوغت، جنس اور تقویٰ کا تعین کیا جا سکتا ہے۔
⚠️ نمازِ جماعت اور روبوٹ کی امامت:
امامِ جماعت کے لیے متعدد شرائط لازمی قرار دی گئی ہیں۔ جیسے امام جماعت کا بالغ، عاقل، عادل اور حلال زادہ ہونا ضروری ہے، اور اگر مقتدی مرد ہو تو امام بھی مرد ہونا چاہیے۔ اسی طرح تمام نمازوں جیسے نمازِ میت، عیدین و جمعہ وغیرہ میں بھی امامت کے وہی شرائط لاگو ہوتے ہیں۔
روایات کثیرہ میں امام جماعت کے لیے رجل یا امام کی قید اس بات پر دلالت کرتی ہے و "امام" سے مراد وہ انسان ہے جو فقہی جامع الشرائط کا حامل ہو۔ پس ایک روبوٹ میں عقل، ایمان، عدالت، بلوغ اور صنفی حیثیت کا تصور موجود نہیں۔ لہٰذا وہ امامِ جماعت نہیں بن سکتا۔
⚠️ نماز کے لیے جو اذان مستحب ہے وہ خود کہیں، ریکارڈنگ والی یا ربورٹ کے ذریعے اذان کفایت نہیں کرے گی۔ یہ صرف اعلان یا یاد دہانی کے طور پر استعمال ہو سکتی ہے۔
⚠️ روبوٹ بذات خود وکیل نہیں بن سکتا۔ روبوٹ کو نکاح یا طلاق یا دیگر شرعی عقود کے صیغہ جاری کرنے کے لیے وکیل بنانا درست نہیں ہے اور نہ ہی اس طرح عقد منعقد ہوگا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وکیل کا انسان، عاقل، بالغ اور اہل ہونا ضروری ہے، اور مثلا صیغہ نکاح ایک انشائی فعل ہے جس کے لیے قصد و نیت لازمی ہے۔ روبوٹ میں یہ تمام چیزیں موجود نہیں، لہٰذا وہ وکیل نہیں بن سکتا۔ بعض جدید بحثوں میں روبوٹ کو صرف دستاویزی توثیق کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، مگر خود اجراء صیغہ عقد جاری کرنے کے لیے نہیں۔
⚠️ اسی طرح مصنوعی ذہانت کبھی بھی مستقل مجتہد یا مرجعِ تقلید نہیں بن سکتی۔کیونکہ جس مجتہد کی تقلید کی جائے اس کے لیے مخصوص شرائط (عاقل، بالغ، مرد، عادل، حلال زادہ، زندہ ہونا) لازمی ہیں۔
مصنوعی ذہانت سے دینی معلومات لی جا سکتی ہیں، مگر اس کا آؤٹ پٹ بذات خود فتویٰ یا حجت نہیں۔ اگر وہ کسی مرجع کا فتوی نقل کرے اور تصدیق ہو جائے تو اس فتوی پر عمل ہو سکتا ہے۔
⚠️ شرعی مسائل میں رہنمائی اور دین سیکھنے کے لیے مصنوعی ذہانت سے مدد لی جا سکتی ہے۔ تاہم یہ بات یقینی نہیں کہ مکلف اس کے ذریعے ملنے والی رہنمائی پر بری الذمہ ہو جائے؛ بلکہ درست رہنمائی اور تصحیح کے لیے اسے مستند عالم دین سے رجوع کرنا ہو گا۔ چنانچہ خلاصہ یہ ہے کہ اس میں غلطی کا امکان موجود رہتا ہے۔
⚠️ یہ روبوٹ بذاتِ خود قاضی (Judge) شرعی نہیں بن سکتا، کیونکہ روایات میں قاضی کے منصب اور شرائط کی تصریح موجود ہے۔ قضا شرعی منصب ہے جس کے لیے مکلف، عاقل، عادل اور صاحبِ علم انسان ضروری ہے۔ روبوٹ محض آلہ ہے؛ نہ مکلف، نہ عادل، نہ اس میں شرعی اہلیت و ذمہ داری۔ اس لیے نہ وہ قاضی شرعی ہو سکتا ہے اور نہ اس کا نتیجہ بذاتِ خود شرعی فیصلہ یا حجت۔ البتہ قاضی اس سے بطور معاون مدد لے سکتا ہے؛ مثلاً معلومات کی ترتیب، دستاویزات کا خلاصہ، فقہی عبارات یا روایات کی نشاندہی، اور ممکنہ پہلوؤں کی فہرست بنانے میں۔ مگر حتمی تحقیق، تطبیق، فیصلہ اور شرعی ذمہ داری خود قاضی پر ہوگی۔
⚠️ ہاں اس روبوٹ کے زریعے قرآن کی تلاوت سنی جاسکتی ہے (بشرطیکہ تحریف/غلطی نہ ہو) جیسے کسی انسان قاری کی ریکارڈ شدہ قرائت سننا، لیکن قرآن مجید دیکھ کر پڑھنا سننے سے زیادہ ثواب رکھتا ہے۔
⚠️ تحقیق و تدوینِ کتب میں مصنوعی ذہانت سے مدد لی جا سکتی ہے، جیسے مواد کی جمع آوری، ابتدائی ترتیب اور ممکنہ اغلاط کی نشاندہی میں۔ لیکن اصل ذمہ داری محقق کی ہے کہ وہ اس مواد کا تنقیدی جائزہ لے، مصادر کی تصدیق کرے، صحیح سیاق و سباق میں رکھے اور اغلاط کی اصلاح کرے۔ مصنوعی ذہانت کو صرف معاون ذریعہ سمجھا جائے، نہ کہ حتمی ماخذ، کیونکہ علمی معیار، صحت اور اعتبار کا آخری فیصلہ انسان ہی کا رہے گا۔
💡ان تمام مثالوں میں مشترک اصول یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت ذریعہ اور آلہ ہے اور اس سے استفادہ کرنے اور مدد لینے میں حرج نہیں ہے۔ لیکن شرعی مناصب، عقود، فتاویٰ اور قضا وغیرہ میں اسے حجت یا فاعل نہ سمجھا جائے و فقہی و شرعی معاملات میں فقط اس پر انحصار کافی نہیں ہے۔

